کولکاتا: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کانگریس، بائیں بازو کی جماعتوں اور ترنمول کانگریس پر مبینہ خوشامد کی پالیسی کے تحت ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کی مسلسل مخالفت کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ ان جماعتوں کے لیڈروں کو اس میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا تھا، لیکن ووٹ بینک کھونے کے خوف سے وہ رام للا کی پران پرتشٹھا کی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔
مشرقی بردھمان لوک سبھا سیٹ کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے امیدوار اور لوک گلوکار آشم سرکار کے حق میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی اور ان کے بھتیجے ابھیشیک بنرجی نے مدعو کیے جانے کے باوجود رام مندر کی پران پرتشٹھا کی تقریب میں شرکت نہیں کی کیونکہ انہیں مغربی بنگال میں دراندازوں کی حمایت کھونے کا خدشہ تھا۔