حیدرآباد: تلنگانہ کے سابق وزیراعلی و بی آر ایس پارٹی کے صدر چندر شیکھر راو نے آج رکن اسمبلی کی حیثیت سے حلف لیا۔ چندر شیکھر راو نے گزشتہ سال 30 نومبر کو منعقدہ اسمبلی انتخابات میں میدک ضلع کے گجویل اسمبلی حلقہ سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم انہوں نے اب تک بحیثیت رکن اسمبلی حلف نہیں لیا تھا کیونکہ انتخابی نتائج کے بعد چندر شیکھر راو کیمپ آفس پرگتی بھون چھوڑ کر میدک کے ایراولی میں واقع اپنے فارم ہاوز منتقل ہوگئے تھے۔
اس دوران دسمبر میں چندر شیکھر راو باتھ روم میں پھسل کر گر گئے تھے جس کی وجہ سے ان کی کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی تھی۔ بعد ازاں انہیں حیدرآباد کے پرائیویٹ میں داخل کیاگیا تھا جہاں ان کے کولہے کی ہڈی کو تبدیل کرنے کا آپریشن کیاگیا۔ اس کے بعد سے وہ گھر پر ہی آرام کررہے تھے۔آج چندر شیکھر راو نے اسمبلی پہنچ کر حلف لیا۔ اسپیکر گڈم پرساد کمار نے انہیں حلف دلایا۔