پٹنہ: سابق ایم پی کے سی تیاگی نے جے ڈی یو کے قومی ترجمان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ وہ پارٹی کے چیف اڈوائزر کے ساتھ ساتھ قومی ترجمان بھی تھے۔ کے سی تیاگی کے استعفیٰ کے بعد جے ڈی یو کے قومی صدر نتیش کمار نے راجیو رنجن پرساد کو پارٹی کا نیا قومی ترجمان بنا دیا ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی کی جانب سے ایک بیان بھی جاری کیا گیا۔
جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری آفاق احمد خان کی جانب سے جاری بیان میں کے سی تیاگی کے استعفیٰ کو ان کی ذاتی وجہ بتائی گئی ہے۔ اس کے علاوہ راجیو رنجن پرساد کو قومی ترجمان مقرر کرنے کا بھی اعلان کیا گیا۔ قبل ازیں نالندہ کے راجیو رنجن کو بھی نتیش کمار نے جے ڈی یو کا قومی ترجمان بنایا تھا لیکن ان کی بے وقت موت ہوگئی۔ راجیو رنجن پرساد طویل عرصے سے جے ڈی یو میں ہیں۔ وہ پہلے بھی ریاستی ترجمان کی ذمہ داری نبھا چکے ہیں۔ پارٹی تنظیم میں مسلسل کام کر رہے ہیں۔ راجیو رنجن پرساد 2015 میں پٹنہ کے دیگھا اسمبلی حلقہ سے الیکشن بھی لڑ چکے ہیں۔ حالانکہ انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا تھا۔