کولکاتا: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ان کے پاس آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کی فہرست ہے جنہیں بی جے پی کیلئے کام کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔ ندیا کے تہہٹہ میں ہری چند گروچند اسٹیڈیم میں کرشنا نگر سےترنمول کانگریس کی امیدوار مہوا مترا کی حمایت میں مہم چلائی۔اس میٹنگ میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوکر شاہوں اور پولیس کے اعلیٰ افسران کو بی جے پی کے لیے کام کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ بیوروکریٹس اور پولیس افسران کو ان کی متعلقہ ریاستوں کے بی جے پی وزرائے اعلیٰ گھر بلا رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ میں جانتی ہوں کہ آئی اے ایس، آئی پی ایس افسران کو ان کے متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کے ذریعے بلایا جا رہا ہےاور بی جے پی کیلئے کام کرنے کی ہدایت دی جارہی ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ انہیں یہ خبر کسی آئی اے ایس اور آئی پی ایس نے نہیں دی ہے بلکہ کسی اور ذریعہ سے یہ خبر ملی ہے۔ آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران انتظامیہ کا حصہ ہیں۔ ان کا کسی پارٹی سے تعلق نہیں ہے۔ وہ انتظامیہ چلاتے ہیں۔ ممتابنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی انتخابات کے دوران انتظامیہ کے ان عہدیداروں کا استعمال کرنا چاہتی ہے۔