ہاسٹل خالی کرنے کے نوٹس سے اے ایم یو طلباء میں بے چینی - Hostel vacating notices - HOSTEL VACATING NOTICES
Hostel vacating notices cause anxiety among AMU students علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) انتظامیہ کے ہاسٹل خالی کرنے والے نوٹس سے متعلق طلباء کا کہنا کہ غیر قانونی طور پر نوجوانوں کی ہاسٹل میں رہائش انتظامیہ کی ناکامی ہے اور ان کو نکالنے کے لئے تمام طلباء سے کیوں ہاسٹل خالی کروا کر پریشان کیا جا رہا ہے۔
Published : May 31, 2024, 5:40 PM IST
|Updated : May 31, 2024, 8:13 PM IST
علیگڑھ : علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کیمپس میں موسم گرما کی تعطیلات میں یعنی 16 جون سے ہاسٹل خالی کرنے والے انتظامیہ کا نوٹس موضوع بحث بنا ہوا ہے جہاں ایک جانب اقامتی ہالوں میں رہائشی طالبات میں بے چینی پائی جاتی ہے تو وہیں طلباء میں بھی اسے لیکر پریشانی جھلک رہی ہے۔ خاص کر رسرچ اسکالرز میں۔ تقریبا چار مرتبہ طلباء و طالبات ہاسٹل خالی کرنے والے نوٹس کے خلاف یونیورسٹی انتظامیہ بلاک پر وائس چانسلر اور رجسٹرار سے ملاقات کرکے انہیں ہاسٹل میں ہی رہنے دینے کی اجازت مانگ چکے ہیں۔
نوٹس سے متعلق جہاں ایک جانب کچھ طلباء کا کہنا ہے کہ یہ وائس چانسلر کا اچھا قدم ہے کیونکہ اس سے جو لوگ ہاسٹل میں غیرقانونی طور پر رہائش پذیر ہیں ان کو باہر نکالا جائے گا۔ واضح رہے پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے پہلے ہی صحافیوں سے گفتگو کے دوران تسلیم کیا تھا کہ یونیورسٹی کیمپس میں غیر قانونی طور پر نوجوانوں کی رہائش ہے جن کو نکالنے کے لئے اس بار موسم گرما کی تعطیلات میں سبھی طلباء کو کمرے خالی کرنے کےلئے کہا جائے گا۔
دوسری جانب کچھ طلباء کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہاسٹلز میں غیر قانونی طور پر نوجوانوں کی رہائش، انتظامیہ کی ناکامی ہے جس کی وجہ سے 50 ڈگری درجہ حرارت میں ہاسٹلز خالی کروانے سے طلبا کو کافی مشکلات پیش آئیں گی۔ یونیورسٹی پراکٹر کا کہنا ہے کہ جن طلباء کے مقابلے جاتی امتحانات ہیں ان کے لئے کیمپس میں سمر ہاسٹل بنایا جائے گا جہاں ان کی رہائش کو ممکن بنایا جائے گا۔ ایسے تمام طلباء کو ایک فارم پر کیمپس میں رہائش کی وجہ اور مدت بتانا ہوگا۔
وہیں طلباء کا کہنا ہے کہ ابھی تک انتظامیہ نے کوئی سمر ہاسٹل نہیں بنایا ہے اور ہمیں اپنے ہی کمرے میں رہنے کی اجازت دی جائے۔ جہاں تک کیمپس میں غیرقانونی طور پر نوجوانوں کی رہائش کا معاملہ ہے تو یونیورسٹی انتظامیہ انہیں نکالنے کےلئے ایسے اقدامات کریں جس سے طلبا کو پریشانی نہ ہو۔ واضح رہے اے ایم یو نے مرکزی کیمپس اور ملاپورم، مرشد آباد اور کشن گنج مراکز کے لیے 16 جون 2024 سے 30 جولائی 2024 تک موسم گرما کی تعطیلات کا اعلان کردیا ہے۔ اب دیکھنا ہوگا کہ 16 جون کو انتظامیہ طلباء سے ہاسٹلز خالی کروا پاتا ہے یا نہیں۔