بھاگلپور : ریاست بہار کے بھاگلپور میں واقع مسلم ایجوکیشن کمیٹی کے تحت چل رہے مختلف اداروں کے ٹاپرس کو اچھے نمبرات لانے پر کمیٹی نے ان کے اعزاز میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا۔ساتھ ہی بھاگلپور کی تعلیمی تہذیبی اور ثقافتی میراث کے موضوع پر ایک مذاکرہ کا انعقاد بھی کیا گیا۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مونگیر یونیورسٹی کے شعبہ اردو کے صدر پروفیسر شاہد رضا جمال نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسلم ایجوکیشن کمیٹی کے جنرل سکریٹری پروفیسر فاروق علی نے کہا کہ بھاگلپور کا ماضی بہت تابناک رہا ہے یہ اور بات ہے کہ ہماری لاپرواہی کی وجہ سے ہم مسلسل پچھڑتے جا رہے ہیں۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے حبیب مرشد خان نے طلبہ و طالبات کو مبارک باد دی اور کہا کہ ان طلبہ و طالبات نے محنت کر کے مسلم ایجوکیشن کمیٹی کے ماتحت چل رہے اداروں کا نام روشن کیا ہے انہوں نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ مسلم ایجوکیشن کمیٹی کے ہال میں جب بھی کوئی پروگرام ہوتا ہے یہاں کے ذمہ دار ،ادارے کے صدر و سیکرٹری شریک نہیں ہوتے ہیں ۔اس سے ان کی اردو دشمنی کا پتہ چلتا ہے انہوں نے کہا کہ جب تک ہم خود اپنے پروگرام میں شریک نہیں ہوں گے دوسرا بھی ہمارے پروگرام میں شریک نہیں ہوگا۔ مسلم ایجوکیشن کمیٹی کے تحت متعدد ادارے چلتے ضرور ہیں لیکن خود مسلم ایجوکیشن کمیٹی کے لوگ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کئی وجوہات سے ان اداروں میں معیاری تعلیم نہیں ہو پاتی ہے۔ جس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔