لکھنؤ:پارلیمانی انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہو گیا ہے، 7 مرحلوں میں انتخابات منعقد ہوگا جبکہ 4 جون کو نتائج کا اعلان ہوگا۔ سماجوادی پارٹی کا لکھنؤ میں واقع دفتر میں پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کرنے آئے رکن پارلیمان ایس ٹی حسن نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ مذہب کی بنیاد پر نفرت نہیں پھیلائی جا سکتی۔
رکن پارلیمان ڈاکٹر ایس ٹی حسن نے کہا کہ اتر پردیش میں انڈیا اتحاد کافی مضبوط ہے۔ ہم انتخابی میدان میں نوجوانوں، کسانوں، خواتین اور اقلیتوں کے مسائل کے ساتھ ہوں گے اور پوری یقین کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ موجودہ حکومت اقتدار سے باہر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی اے اے قانون کا ایسے وقت میں نفاذ ہوا جب رمضان شروع ہو رہا تھا اور سینکڑوں سماجی کارکنان کو گھروں میں نظر بند کیا گیا ہے۔ بھارت میں یہ پہلا ایسا قانون ہے کہ مذہب کی بنیاد پر سماج کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔