مالیگاؤں:مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار گزشتہ روز مالیگاؤں دورہ پر آئے جب شہر کی بنکر تنظیموں نے آصف شیخ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی اور بجلی بلوں میں سبسڈی کا مطالبہ کیا۔ اس پر اجیت پوار نے وعدہ کرتے ہوئے ممبئی پہنچ کر 13 اگست کو کابینہ کی میٹنگ میں پاورلوم صارفین کے لیے اضافی بجلی بل میں رعایت کا فیصلہ کیا۔ اس ضمن میں مالیگاؤں، ایچل کرنجی سمیت مہاراشٹر کے بنکروں نے اجیت پوار کا شکریہ ادا کیا۔ تاہم آج 14 اگست کو صبح ساڑھے دس بجے مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد اجیت پوار کی صدارت میں کیا گیا۔
پاورلوم سبسڈی کا جی آر پروسیڈنگ پیش کرتے ہوئے منظور کیا جائے (ETV Bharat Urdu) اس میٹنگ میں مالیگاؤں، ایچل کرنجی کے بنکروں کو مدعو کیا گیا۔ مذکورہ میٹنگ وزیر ٹیکسٹائل چندر کانت دادا پاٹل اور اعلیٰ و تیکنیکی تعلیم کے وزیر حسن مشرف کی موجودگی میں منعقد ہوئی، اس میں تمام ہی محکموں کے اعلیٰ افسران و سیکرٹریز موجود تھے۔ اس موقع پر مالیگاؤں شہر کے سابق رکن اسمبلی آصف شیخ رشید نے کہا کہ 27 ہارس پاور سے کم کنکشن رکھنے والے بنکروں کو ایک روپیہ اور 27 ہارس پاور زیادہ والوں کو 75 پیسہ اضافی سبسڈی کا اعلان گزشتہ کئی ماہ قبل ہوا تھا لیکن یہ صرف اعلان تھا عملی کام نہیں ہوا تھا لیکن کل حکومت نے کابینہ میں منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے کا سرکاری جی آر بھی جلد جاری کیا جائے تاکہ بنکروں کو فائدہ مل سکے۔ اس پر اجیت دادا پوار اور وزیر ٹیکسٹائل چندر کانت دادا پاٹل نے کہا کہ کل کے فیصلے کی تفصیلی پروسیڈنگ آٹھ دن بعد ہونے والی کابینہ کی میٹنگ میں پیش کرتے ہوئے منظور کی جائے گی۔ اس کے بعد جی آر جاری کیا جائے گا۔ اس طرح کی مکمل تفصیلات ممبئی سے آصف شیخ رشید نے نمائندے کو روانہ کی ہے۔
پاورلوم سبسڈی کا جی آر پروسیڈنگ پیش کرتے ہوئے منظور کیا جائے (ETV Bharat Urdu) آصف شیخ رشید نے بتایا کہ نائب وزیر اعلیٰ و وزیر ٹیکسٹائل کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں مالیگاؤں کارپوریشن حدود میں جاری سائزنگ مالکان کے مسائل کو بھی پیش کیا گیا اور قانونی دشواریوں کو دور کرتے ہوئے کارپوریشن کے بائے لاز میں سائزنگ کا لفظ درج نہیں ہے۔ اس لیے مہاراشٹر حکومت مالیگاؤں کارپوریشن کے بائے لاز میں سائزنگ کو شامل کرنے و ریگولرائز کرنے کے ساتھ سہولیات فراہم کرے اس طرح کا بھی مطالبہ رکھا گیا۔ اسی طرح مالیگاؤں پرائیوٹ بجلی کمپنی کی کارکردگی کے خلاف بھی شکایت کی گئی ہے کہ ایک سال ہوا جارہا ہے، عوام اور بنکروں کو بجلی کے نئے کنکشن نہیں دیے جارہے ہیں۔ بجلی کے نظام کو اپڈیٹ نہیں کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار و وزیر ٹیکسٹائل نے آئندہ چند دنوں میں بجلی کمپنی کے ساتھ راؤنڈ ٹیبل میٹنگ منعقد کرنے کا تیقن دیا۔