گیا (بہار):ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی محکمہ بہار کے زیر اہتمام آج' جنگلات مہوتسو ' کا انعقاد ہوا۔ اس میں محکمہ کے وزیر ڈاکٹر پریم کمار اور وزیر ڈاکٹر سنتوش کمار سُمن نے شریک ہوکر پھل اور سایہ دار درخت کے پودوں کو لگایا اور ساتھ ہی مختلف نسل کی تتلیوں کو اڑا کر ماحول اور موسم کے تحفظ کا پیغام دیا۔
اس موقع پر ضلع محکمہ جنگلات کی جانب سے شہر گیا میں واقع گاندھی میدان میں ایک تقریب بھی ہوئی اور اس میں وزراء سمیت کئی افسران اور سماجی رہنماؤں نے اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔ اس دوران محکمہ جنگلات اور موسمی تبدیلی کے وزیر ڈاکٹر پریم کمار نے نامہ نگاروں سے کہا کہ جب بہار کی تقسیم ہوئی توبہار میں اس وقت جنگلات کا رقبہ صرف 7فیصد بچا تھا، لیکن بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے ایک مثبت پہل کی اور جنگلات کو بڑھانے کا ہدف مقرر کیا۔
جنگلات کا رقبہ 7 فیصد سے بڑھا کر 15فیصد کر دیا گیا۔ آگے مزید ہمارا مقصد ہےکہ اسے نمایاں طور پر بڑھاکر 17فیصد تک لے جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار حکومت اس کے لئے کارروائی کر رہی ہے۔ کئی اہم منصوبے نافذ العمل ہیں، مزید منصوبہ کے تحت آگے کام کرنا ہے اور اس سلسلے میں محکمے کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔
ریساتی وزیر معمولی آبی وسائل ڈاکٹرسنتوش کمار سمن نے کہا اگر درخت ہوں گے تو ہی فطرت ہوگی اور فطرت ہوگی تو ہی زندگی ہوگی۔ اس کا مطلب ہے کہ ہر شخص کو کم از کم ایک درخت ضرور لگانا چاہیے۔
دنیا کی کل آبادی کا 17 فیصد حصہ بھارت میں ہے۔ لیکن زمین صرف 2.4 فیصد ہے اور ابھی آبی وسائل محض چار فیصد ہیں۔ اس کے باوجود ہم اپنی کوششوں میں آگے بڑھتے جا رہے ہیں۔