شمالی 24 پرگنہ: شمالی 24 پرگنہ کے گارولیا ٹاؤن میں واقع مولانا آزاد لائبریری میں پڑھ کر مقابلہ جاتی امتحانات پاس کرنے والے چند نوجوانوں نے دیگر طلبہ کے لئے فری کوچنگ کا آغاز کیا ہے۔ اس وقت 30 سے زائد لڑکے اور لڑکیاں فری کوچنگ سے استفادہ کر رہے ہیں۔ بیرکبورسب ڈویژن میں گارولیا ٹاؤن واقع ہے۔ یہ علاقہ مزدوروں اور محنت کشوں کی آبادی پر مشتمل ہے۔ مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے دوسرے علاقوں کی طرح گارولیا ٹاؤن میں بھی غربت اور بے روزگاری عروج پر رہی ہے۔
گزرتے وقت کے ساتھ ساتھ گارولیا ٹاؤن میں بھی تبدیلی آئی۔ 2003-04 میں گارولیا کے ایڈوکیٹ نوشاد انور، سماجی کارکن صادق اختر، انجم گلریز، پرویزعالم (گڈو) ماسٹر ارشدجمال، مہتاب، لال چند، ارشاد، اینٹو (پرویز) اور شہاب الدین سمیت دیگر روشن خیال نوجوانوں نے مولانا آزاد لائبریری کی ذمہ داری اپنے ہاتھوں میں لی۔
مولانا آزاد لائبریری نے تعلیم کے ذریعہ ٹاؤن میں انقلابی تبدیلی لانے کی کوشش شروع کی۔ برسوں بعد اس کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے ہیں۔ 2010 سے اب تک مولانا آزاد لائبریری میں بیٹھ کر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاریاں کرنے والے 41 نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں مل چکی ہیں۔ 2022-23 میں 12 بچوں نے مقابلہ جاتی امتحانات پاس کیے۔