گوہاٹی: آسام میں حالیہ سیلاب سے حالات بہت خراب ہو گئے ہیں۔ برہم پتر اور اس کی معاون ندیوں میں پانی کی سطح لگاتار بڑھتی جا رہی ہے۔ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ریاست کے 19 اضلاع اب بھی سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔اس سال اب تک سیلاب سے 35 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ کئی دیہات ایسے ہیں جہاں پورے گاؤں کے گاؤں اب بھی زیر آب ہیں۔ 1275 گاؤں کا زیادہ تر علاقہ سیلاب میں ڈوب گیا ہے۔ اس سیلاب سے اب تک لاکھوں لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔
سرکاری طور پر اب تک اس سنگین سیلاب سے ریاست میں مجموعی طور پر 35 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ حالانکہ بتایا یہ جا رہا ہے کہ مرنے والے لوگوں کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔
19 اضلاع کے 64 ریونیو ایریاز متاثر ہوئے:
ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اس سیلاب سے 1275 دیہات اور 644128 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ کئی ہیکٹر زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سیلاب سے متاثرہ لوگ اب بھی ریاست کے کئی شیلٹر کیمپوں میں پناہ لے رہے ہیں۔ کئی مقامات پر سیلاب سے سڑکوں، پلوں وغیرہ کو نقصان پہنچنے کی وجہ سے ٹریفک میں خلل پڑا ہے۔ اس سیلاب سے کئی وبائی امراض پھیلنے کا اندیشہ ہے۔