سنبھل:سنبھل کی شاہی جامع مسجد کے ہری ہر مندر ہونے کا دعویٰ پیش کرنے اور مسجد کی سروے رپورٹ داخل کرنے کے بعد، اس معاملے کی سماعت 8 جنوری یعنی آج ضلع کے چندوسی میں واقع ضلع عدالت میں ہوگی۔ یہ کیس سول جج سینئر ڈویژن کی عدالت میں زیر سماعت ہے۔ چار جنوری کو اس معاملے میں جامع مسجد کمیٹی کی جانب سے ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی۔ اس سے قبل دو جنوری کو ایڈوکیٹ کمشنر رمیش راگھو نے ضلع عدالت میں سروے رپورٹ پیش کی تھی۔
واضح رہے، 19 نومبر 2024 کو ضلع کے چندوسی کی ضلعی عدالت میں ایک مقدمہ دائر کیا گیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سنبھل ضلع کے صدر کوتوالی میں واقع شاہی جامع مسجد ہری ہر مندر ہے۔ سپریم کورٹ کے وکیل وشنو شنکر جین نے ہندو فریق کی جانب سے مقدمہ دائر کیا تھا۔ تاہم اسی دن سماعت کے دوران عدالت نے ایڈوکیٹ کمشنر مقرر کیا اور مسجد میں سروے کا حکم سے دیا جس کے بعد ایڈوکیٹ کمشنر رمیش سنگھ راگھو نے اسی دن شام کو دونوں فریقین کی موجودگی میں جامع مسجد کا سروے کیا۔ لیکن اس دن سروے مکمل نہیں ہوا تھا۔