مالیگاؤں: مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں دیر رات گئے آگرہ روڈ تاج محل شاہ بلڈنگ مٹیریل کے پاس سابق میئر و مجلس اتحاد المسلمین کے مقامی زمہ دار عبدالملک یونس عیسٰی اپنے ساتھیوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے تھے۔ ملی تفصیلات کے مطابق 3 نوجوانوں نے تقریبا 5 فٹ کی دوری سے ان پر تین راونڈ فائرنگ کردی دی۔ جس کے سبب سابق میئر عبدالملک یونس عیسی شدید طور پر زخمی ہوگئے۔
ڈاکٹروں کے مطابق عبدالملک کو ایک گولی دائیں جانب سے سینے پر لگی اور دوسری گولی ہاتھ کو چھوتی ہوئی نکل گئی، جبکہ تیسری گولی دائیں پیر میں لگی جس کی وجہ سے انکے پیر کی ہڈیاں فریکچر ہوگئیں۔
اس واردات کی اطلاع ملتے ہی ایڈیشنل ایس پی انیکیت بھارتی، ڈی واۓ ایس پی تیگیبر سنگھ کے ساتھ ساتھ دیگر پولیس اسٹیشنوں کے انچارج جائے موقع پر پہنچ گئے۔ جہاں انہیں گولیوں کے دو کارتوس ملے۔ جس کے بعد پولیس افسران نے جائزہ لیا اور فوراً تفتیش شروع کردی ہے۔ جبکہ فائرنگ کرنے والے نامعلوم افراد فرار بتائے جارہے ہیں۔
اس خبر کے پورے شہر میں پھیلتے ہی رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی، کانگریس صدر اعجاز بیگ، مستقیم ڈگنیٹی، پروفیسر رضوان خان وغیرہ سمیت دیگر کئی سیاسی جماعتوں کے لیڈران زخمی عبدالملک کی عیادت کیلئے اسپتال پہنچ گئے۔ اس موقع پر رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل قاسمی نے کہا کہ مالیگاؤں شہر کے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال دن بہ دن بگڑتی جارہی ہے۔ ماضی میں کئی مرتبہ فائرنگ کے معاملات پیش آئے لیکن اس میں جو اصل ملزمین تھے پولیس انتظامیہ نے انہیں گرفتار نہیں کیا۔