کولکاتا:بنگلہ فلموں کے مشہور اداکار اور رکن پارلیمان دیو نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی اعلیٰ قیادت کے سامنے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لینے کے لیے صرف ایک شرط رکھی تھی۔ دیو نے کہا کہ ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی کی تجویز کو قبول کرنے کے بعد ہی وہ گھٹال سے دوبارہ انتخاب لڑنے پر راضی ہوئے ہیں۔
دیو نے کہا کہ انہوں نے ممتا بنرجی اور ابھیشیک بنرجی سے کہا تھا کہ وہ صرف اس صورت میں الیکشن لڑیں گے جب انہیں گھٹال ماسٹر پلان کو نافذ کرنے کی یقین دہانی ملے گی۔ دیو نے آج کہا کہ انہوں نے سیاست میں واپسی کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ ان دونوں نے مجھے یقین دلایا ہے کہ گھٹال ماسٹر پلان کو ریاستی حکومت اپنے طور پر کام کرے گی۰ابھیشیک نے گزشتہ ہفتہ کو دیو سے اس وقت ملاقات کی تھی جب انہوں نے انتخابات میں کھڑے نہیں ہونے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ اس کے بعد دیو کالی گھاٹ گئے اور ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔
گھٹال سے ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ جب سے میں گھٹال سے ممبر پارلیمنٹ منتخب ہوا تو میں نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ انہیں ہرسال سیلاب سے نجات دلائیں گے ۔چوں کہ میں اس وعدہ کو پورا نہیں کرپا رہا تھا اس لئے میں نے انتخاب میں حصہ نہیں لینے کا فیصلہ کیا۔میں سستی تفریح کے لیے سیاست نہیں کرتا میں لوگوں کے لیے کام کرنا چاہتا ہوں۔ جیسے ہی میں نے ابھیشیک بنرجی کو تجویز پیش کی، وہ مان گئے۔ ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ گھٹال ماسٹر پلان کو لاگو کیا جائے گا۔