سرے راہ خاتون صحافی پر نازیبا تبصرے کرنے والے منچلے گرفتار - Female Journalist Harassed in Noida - FEMALE JOURNALIST HARASSED IN NOIDA
اترپردیش کے نوئیڈا میں ایک 25 سالہ خاتون کو دو مردوں نے اس وقت ہراساں کیا جب وہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات نوئیڈا کے سیکٹر 18 میں ایک مشہور مال کے باہر ٹیکسی کا انتظار کر رہی تھی۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
Published : Aug 17, 2024, 12:53 PM IST
نوئیڈا: قومی راجدھانی دہلی سے ملحقہ نوئیڈا جہاں کوئی ایسا دن نہیں گزرتا جہاں جرائم کے واقعات رونما نہ ہوں ۔خواتین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور فقرے بازی عام بات ہے۔اب تو خاتون صحافی بھی جرائم پیشہ افراد اور منچلوں کے راڈار پر ہیں۔ یہ تو وہ معاملے ہیں جو شکایت درج کرائی جاتی ہیں نہ جانے کتنی لڑکیاں اور خواتین چھیڑ چھاڑ اور کمینٹس پر خاموش رہ جاتی ہیں۔
اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں ایک خاتون صحافی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی گئی تھی۔ اب نوئیڈا پولیس نے اس معاملے میں بڑی کارروائی کی ہے۔ دراصل پولیس نے خاتون صحافی سے اس کا ریٹ پوچھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان سے دو موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
کیا تھا پورا واقعہ؟
آپ کو بتاتے چلیں کہ ایک نجی چینل کی صحافی گھر جانے کے لیے ٹیکسی کا انتظار کر رہی تھی۔ الزام ہے کہ بائیک پر سوار دو نوجوانوں نے ان پر نازیبا تبصرہ کیا۔ گھر پہنچنے کے بعد متاثرہ نے اپنا درد سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ اس نے بتایا کہ سڑک پر ایک موٹر سائیکل گزری اور پیچھے بیٹھے شخص نے ہاتھ ہلا کر پوچھا کہ کیا ریٹ لے گی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رات دیر گئے گرفتار کر لیا۔ یہ پورا واقعہ نوئیڈا کے مشہور مال کے قریب پیش آیا۔
اس معاملے پر پولیس کا کہنا ہے کہ ایک خاتون میڈیا کارکن پر تبصرہ کرنے کی اطلاع سوشل میڈیا کے ذریعے ملی تھی۔ فوری طور پر متاثرہ سے رابطہ کیا گیا اور پولیس اسٹیشن سیکٹر-20 (نوئیڈا پولیس) میں مقدمہ درج کیا گیا۔ اس کے بعد واقعے سے پردہ اٹھانے کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ جائے وقوعہ کے اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی چھان بین کی گئی۔ پھر ملزمان کو شناخت کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان کی شناخت بالواکھیڑی مظفر نگر کے رہنے والے 25 سالہ اشوت اور مظفر نگر کے رہنے والے 27 سالہ وپن ہرنوتی کے طور پر کی گئی ہے۔ متاثرہ نے بتایا تھا کہ موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے نوجوان نے پہلے ہیلو کہا اور پھر ریٹ کی بات کرتے ہوئے نازیبا کلمات کہے۔ دونوں ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ پیچھے بیٹھے نوجوان نے سفید ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔ اس شناخت کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کردی۔
اکھلیش یادو نے یہ مسئلہ اٹھایا تھا۔
اس واقعہ کے سامنے آنے کے بعد سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو نے بھی یہ مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے لکھا تھا- 'بی جے پی کے دور میں اتر پردیش میں خواتین کی عزت سے کھیلنا کوئی استثنا نہیں رہا ہے۔ اقتدار میں بیٹھے لوگ کھلے عام 'گھناؤنے سوال' پوچھ کر خواتین کی تذلیل کر رہے ہیں۔ نوئیڈا میں ایک بار پھر خواتین کی توہین کی گئی۔ انتہائی قابل مذمت! طاقتور مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔