نئی دہلی: جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کا انتخابی اجلاس آج مولانا محمد مسلم قاسمی کی صدارت میں نومنتخب اراکینِ منتظمہ کی موجودگی میں مسجد جھیل پیاؤ آئی ٹی او نئی دہلی میں منعقدہوا، مرکزی مشاہد کی حیثیت سے مفتی سید معصوم ثاقب ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہندشریک اجلاس رہے۔ قاری محمد ساجد فیضی کی تلاوت قرآن پاک سے اس اہم اجلاس کاآغاز ہوا، نعت نبی کا نذرانہ مولانا عبداللہ قاسمی نے پیش کیا، نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے مفتی عبدالرازق مظاہری ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء صوبہ دہلی نے مختصر اور جامع انداز میں جمعیۃ علماء ہند کی خدمات اور گزشتہ ٹرم میں جمعیۃ علماء صوبہ دہلی کی پیش رفت کا خاکہ پیش کرتے ہوئے اجمالی گفتگو کی۔
مفتی سید معصوم ثاقب ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند نے تفصیل کیساتھ جمعیۃ علماء ہندکی کارکردگی کاجائزہ پیش کرکے تمام اراکین کو جمعیۃ علماء ہند کے کاز کو جمعیۃ علماء صوبہ دہلی میں اور منظم طریقہ سے عام کرنیکی تحریک دی اور شہر کو مختلف حلقوں میں تقسیم کرکے ذمہ داران حلقہ کو مزید متحرک اور فعال بنانے پر زور دیا۔ نومنتخب صدر مولانا محمد مسلم قاسمی نے اپنے صدارتی خطاب میں آئندہ ٹرم کے لئے صدرمنتخب ہونے پر تمام اراکین منتظمہ کا شکریہ ادا کیا اور جاری ٹرم میں پہلے سے زیادہ اراکین سے معاونت کی اپیل کی۔ انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ جمعیۃعلماء صوبہ دہلی جمعیۃعلماء ہند کی پالیسی کو زمینی سطح پر لاگوکرنے کی ہرممکن کوشش کریگی تاکہ صوبہ بھر میں آپسی میل جول اوربھائی چارہ کی فضاء کواورزیادہ تقویت ملے۔