پٹنہ: بہار میں این ڈی اے کی حکومت بننے کے اگلے ہی دن آر جے ڈی رہنما تیجسوی یادو کو ای ڈی کی جانب سے نوٹس بھیجا گیا۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو کو نوکری کے لیے زمین معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ تیجسوی یادو ای ڈی کے دفتر پہنچے جہاں ان کے ہمراہ آر جے ڈی کے کئی کارکن موجود تھے۔ جو ای ڈی کے خلاف نعرے بازی بھی کررہے تھے۔
واضح رہے کہ 19 جنوری کو ای ڈی افسر رابڑی کی رہائش گاہ گئے تھے اور انہیں تیسرا سمن ملا تھا۔ اس سمن کے مطابق تیجسوی یادو سے 29 جنوری اور لالو یادو سے 30 جنوری کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ دراصل متعدد مرتبہ ای ڈی کے نوٹس کے باوجود تیجسوی یادو حاضر نہیں ہو رہے ہیں۔ ایسے میں ای ڈی نے سمن بھیج کر پیش ہونے کو کہا ہے۔ اس سے پہلے تیجسوی یادو کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 22 دسمبر اور 5 جنوری کو سمن بھیجا تھا۔ لیکن وہ تفتیشی ایجنسی کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔