لکھنؤ:اتر پردیش سے عازمین حج کی پہلی پرواز کا شیڈول 9 مئی سے ہے اور یہ سلسلہ 24 مئی تک جاری رہے گا۔ اس دوران ریاست اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں میں ووٹنگ کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ جس کی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں عازمین حج حق رائے دہی کا استعمال نہیں کر سکیں گے۔ بی جے پی کے سینیئر رہنما اور اتر پردیش کے سابق ایکٹنگ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عمار رضوی نے ای ٹی وی بھارت سے خاص بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ہمیں حاجیوں کی خاص ڈیلیگیشن گروپ میں سعودی عرب بھیجا تھا اور اسی زمانے سے بنا محرم کے خواتین کو سفر حج پر جانے کی اجازت ہوئی تھی اور ایک لاکھ 80 ہزار عازمین سفر حج پر گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی ان پالیسیز کی وجہ سے عازمین میں خوشی کی لہر ہے اور اس زمانے سے اب تک بنا محرم کے ہزاروں کی تعداد میں خواتین سفر حج پر جا رہی ہیں۔ پہلی بار ایسا ہے کہ جب حج کے ایام میں ووٹنگ جاری ہے۔ ہم الیکشن کمیشن آٓف انڈیا اور بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا کو ایک خط لکھ رہے ہیں۔ جس میں مطالبہ کیا ہے کہ عازمین کو بیلٹ پیپر سے ووٹ ڈالنے کے اختیارات دیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ کیونکہ اس دوران جو بھی عازمین سفر حج پر چلے جائیں گے ان کو ووٹ ڈالنے کا موقع حاصل نہیں ہوگا اور وہ اپنے حق رائی دہی کے استعمال سے محروم رہیں گے۔ لہٰذا ہم نے خط کے ذریعہ مطالبہ کیا ہے کہ عازمین کو حق رائے دہی سے محروم نہ کیا جائے اور انہیں ووٹ ڈالنے کا پورا اختیار دیا جائے۔ جس طریقہ سے دیگر سرکاری ملازم یا معذور افراد کو بیلٹ پیپر پر ووٹ ڈالنے کا اختیار دیا جاتا ہے۔ اسی طریقہ سے عازمین کو بھی بیلٹ پیپر پر ووٹ ڈلوایا جائے۔