نئی دہلی: الیکشن کمیشن نے اتوار کو اعلان کیا کہ اروناچل پردیش اور سکم اسمبلی انتخابات میں ووٹوں کی گنتی 4 جون کی پہلے اعلان کردہ تاریخ کے بجائے 2 جون کو ہوگی۔
کمیشن نے آج یہاں ایک ریلیز میں کہا کہ اسے ان دونوں ریاستوں میں انتخابات وہاں موجودہ اسمبلیوں کی میعاد ختم ہونے سے پہلے کرانا ہے۔ دونوں ریاستوں میں قانون ساز اسمبلیوں کی میعاد 2 جون کو ختم ہو رہی ہے۔ اس کے پیش نظر کمیشن نے ان ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی 2 جون کو کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ان ریاستوں میں انتخابی عمل 2 جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ ان اسمبلیوں کے انتخابات کے لیے ہفتہ کو اعلان کردہ دیگر پروگراموں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ وہاں لوک سبھا حلقوں کے لیے اعلان کردہ پروگراموں میں بھی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
اروناچل پردیش کی تمام 60 اسمبلی سیٹوں کے لیے انتخابات لوک سبھا کے پہلے مرحلے کی ووٹنگ کے ساتھ 19 اپریل کوہوں گے۔ اس کا نوٹیفکیشن 20 مارچ کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی 27 مارچ تک داخل کیے جاسکتے ہیں اور ان کی جانچ پڑتال 28 مارچ اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی تاریخ 30 مارچ مقرر کی گئی ہے۔ ووٹوں کی گنتی 2 جون کو ہوگی اور انتخابی عمل 6 جون کو مکمل کرلیاجائے گا۔