گیا : بہار کے گیا ضلع میں بہار حکومت کی جانب سے اقلیتی اقامتی اسکول کی تعمیر شروع کی گئی ہے۔ اس کے لیے محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری سہیل احمد نے کاروائی شروع کرادی ہے۔ وزیر اعلٰی اقلیتی اقامتی اسکول کی تعمیر کا منصوبہ کئی برس پرانا ہے۔ لیکن زمین نہیں ملنے کے سبب اس کی تعمیر نہیں ہوسکی ہے۔ دراصل اس منصوبہ کو محکمہ اقلیتی بہبود بہار کے ماتحت پورا ہونا ہے۔
اس کو بنانے کے لیے وقف بورڈ کو زمین دستیاب کرانی تھی۔ چونکہ ایک جگہ پر اتنی وقف کی زمین نہیں مل سکی۔ جسکی وجہ سے منصوبہ سرد مہری کا شکار تھا۔ لیکن اب جے ڈی یو کے قومی جنرل سکریٹری و ایم ایل سی آفاق احمد خان نے بہار حکومت کے محکمہ اقلیتی فلاح اور سکریٹریٹ بہار سے رابطہ کرکے اس مسئلے کا اظہار کیا اور وزیر اعلی نتیش کمار سے بھی ملاقات کرکے حالات سے واقف کرایا ہے۔
وزیر اعلی نتیش کمار کو بتایا کہ وقف بورڈ سے زمین نہیں ملنے کے سبب اقلیتی بچوں کی تعلیم کے لیے اسکول کی تعمیر نہیں ہوسکی ہے۔ اگر حکومت اپنے کسی بھی محکمہ کی زمین اقلیتی بہبود محکمہ کو دےکر اسکول کی تعمیر کرائے تو اس سے غریب اقلیتی طبقے کے بچوں کی تعلیم و تربیت اسکول کی طرز پر ہوگی۔