حیدرآباد: بی جے پی، جو پارلیمانی انتخابات میں تلنگانہ سے زیادہ سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، نے پارٹی میں تبدیلیوں کا آغاز کیا ہے۔ زعفرانی جماعت چاہتی ہے کہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے نتائج کا اعادہ نہ ہونے پائے، اسی لئے ریاست کی 17 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 10لوک سبھا نشستوں اور35 فیصد ووٹ حاصل کرنے کا پارٹی منصوبہ رکھتی ہے۔
پارٹی نے اسمبلی انتخابات میں اس کے خلاف کام کرنے والوں کے بشمول ایسے ضلعی صدور جن کی کارکردگی سے پارٹی مطمئن نہیں ہے، ان کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔بیشتر اضلاع کے صدور کا اعلان پارٹی کے ریاستی صدر کشن ریڈی نے کیا ہے۔ عادل آباد، محبوب آباد، بھوپال پلی ضلع صدور کے سلسلہ میں کوئی وضاحت ہنوز سامنے نہیں آئی ہے۔ آئندہ دو تا تین دنوں میں ان عہدوں کو پُر کرنے کا امکان ہے۔ وقارآباد ضلع کے پارٹی صدر مادھو ریڈی، یادادری بھونگیر ضلع کے پارٹی صدر بھاسکر، نظام آباد کے پارٹی صدر کے طور پر دنیش، سدی پیٹ ضلع کے پارٹی صدرکے طور پر موہن ریڈی،جنگاوں ضلع کے پارٹی صدر دشمنت ریڈی، ہنمکنڈہ ضلع صدرکے طور پر راو پدما،کاماریڈی ضلع صدر، ارون تارا،کریم نگر ضلع صدر کرشنا ریڈی کو مقرر کیا گیا ہے۔