ممبئی: بمبئی ہائی کورٹ نے اتوار کو ایودھیا میں رام مندر کی تقریب کے موقع پر مہاراشٹر حکومت کی جانب سے 22 جنوری کو سرکاری تعطیل دئیے جانے والے فیصلے کے خلاف دائر کردہ عرضی کو مسترد کر دیا۔ جسٹس گریش کلکرنی اور نیلا گوکھلے پر مشتمل ایک خصوصی بنچ جو ایودھیا میں تقریب سے قبل اس عرضی کی فوری سماعت کے لیے تشکیل دی گئی تھی، نے اپنے حکم میں کہا کہ 'عرضی غیر قانونی وجوہات اور قانون کے عمل کی صریح غلط استعمال کی وجہ سے دائر کی گئی ہے۔
بنچ نے اپنے حکم میں مزید کہا کہ یہ درخواست سیاسی طور پر محرک معلوم ہوتی ہے اور محض شہرت حاصل کرنے کے ارادے سے داخل کی گئ درخواست لگتی ہے۔ واضح رہے کہ مہاراشٹر حکومت نے 19 جنوری کو ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جس میں 22 جنوری کو سرکاری تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔
قانون کے طلباء کے ایک گروپ نے سنیچر کو بمبئی ہائی کورٹ کی رجسٹری کے سامنے عرضی کی فوری سماعت کے لیے پیش کی تھی۔ قانون کے چار طلباء شیوانگی اگروال، ستیہ جیت سالوے، ویدانت اگروال اور خوشی بنگیا کی طرف سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کا عام تعطیل کا اعلان کرنے کا فیصلہ، آنے والے پارلیمانی انتخابات کو ذہن میں رکھتے ہوئے، سیاسی مقاصد کے لیے طاقت کا زبردست غلط استعمال، معلوم ہوتا ہے۔