تھانے: بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک رکن اسمبلی کو مہاراشٹر کے تھانے ضلع میں زمین کے تنازع پر ایکناتھ شندے کی قیادت والی شیوسینا کے ایک رہنما کو مبینہ طور پر گولی مار کر زخمی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ بی جے پی رہنما گنپت گایکواڑ کے علاوہ پولیس نے دو دیگر کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ایک اہلکار نے بتایا کہ ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل کمشنر آف پولیس دتاتریہ شندے نے میڈیا کو بتایا کہ جمعہ کی رات الہاس نگر علاقے میں ہل لائن پولیس اسٹیشن کے سینئر انسپکٹر کے چیمبر کے اندر بی جے پی رکن اسمبلی گنپت گائیکواڑ نے کلیان کے شیوسینا سربراہ مہیش گائیکواڑ پر فائرنگ کی۔
- اعلی سطحی تحقیقات کا حکم
بی جے پی رہنما و مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اس معاملے کی مکمل اعلی سطحی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ الہاس نگر میں بی جے پی رکن اسمبلی گنپت گایکواڑ فائرنگ معاملے میں اپوزیشن نے ریاستی حکومت پر سخت نکتہ چینی کی ہے۔