گیا: ریاست بہار میں حج آپریشن 2024 کے کامیاب انعقاد کو لےکر تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ بہار کے عازمین حج دو مرحلے میں روانہ ہونگے۔ حج بھون پٹنہ کے مطابق پہلے مرحلے کے تحت 1700 عازمین حج کولکاتا امبار کیشن پوائنٹ سے روانہ ہوسکتے ہیں جبکہ دوسرے مرحلے میں بہار کے عازمین حج گیا امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہوںگے۔ان کی تعداد قریب 1100 ہوگی۔
آج اس حوالہ سےچیف سکریٹری بہار کی صدارت میں ویڈیو کانفرنسگ کے توسط سے میٹنگ ہوئی۔ اس میٹنگ میں گیا ضلع، پٹنہ ضلع اور جہان آباد ضلع کے ڈی ایم اور ایس ایس پی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے شامل ہوئے۔ چیف سکریٹری برجیش ملہوترا نے میٹنگ میں تیاریوں کے تعلق سے ضروری ہدایات دی۔
چیف سیکرٹری نے میٹنگ میں بتایا کہ گیا امبارکشن پوائنٹ سے حج سفر 2024 کی شروعات کی ممکنہ تاریخ 9 مئی سے26 مئی 2024 تک ہے۔ جس میں گیا انٹرنیشنل ہوائی اڈہ سے بہار کے عازمین حج جدہ یا مدینہ ایئرپورٹ کے لیے روانہ ہوں گے۔ گیا ایئرپورٹ سے قریب 1100 عازمین حج سفر پر روانہ ہوں گے۔
چیف سکریٹری نے گیا ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال 2023 میں گیا میں حاجیوں کے لیے کافی اچھےانتظامات کیے گئے تھے۔ مائیکرو پلان بنا کر باریک بینی کے ساتھ نگرانی ڈی ایم کے ذریعے کی گئی تھی۔ اس سال بھی حاجیوں کے لیے پورے انتظامات بہتر ڈھنگ سے ہوں اور ڈی ایم خود اسکی نگرانی رکھیں۔
ویڈیو کانفرنس میں ڈی ایم ڈاکٹر تیاگ راجن ایس ایم نے حج سفر کی تیاری کو لے کر تفصیل سے جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس ایئرپورٹ پر حج سفر پر جانے والوں کے لیے مختلف سہولتیں دستیاب کرائی گئی تھیں۔ جس میں قیام گاہ، پینے کا صاف اور ٹھنڈا پانی، بیت الخلا، غسل خانہ، کولر روشنی اور وضو خانہ مردوخواتین کے لیے الگ الگ قیام گاہ، نماز گاہ وغیرہ کے مکمل انتظامات کیے گئے تھے۔
اس سال بھی گزشتہ برس کی طرح ہی حج سفر پر جانے والوں کو سہولتیں دستیاب کرائی جائیں گی۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ حج بھون سے گیا ایئرپورٹ جانے کی پوری تیاری کے تعلق سے خاکہ تیار کرلیں اور مخدوم پور جہان آباد کے نزدیک پانی ٹوائلٹ اور ریفریشمنٹ کے انتظامات رکھے جائیں۔ ٹرافیک انتظامات پوری طرح سے درست ہوں اس بات کا بھی خیال تینوں اضلاع کے ایس پی رکھیں اور ٹرافیک پلان بناکر وقت سے پہلے جاری رکھیں۔