بارہمولہ:معاشرے سے منشیات کی لت کو جڑ سے ختم کرنے کی اپنی کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے جموں کشمیر پولیس نے بارہمولہ ضلع میں ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے ممنوعہ اشیاء برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بارہمولہ پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اسٹیشن بونیار کی پولیس پارٹی نے اہتشام پورہ، بونیار میں قائم ایک چوکی پر ایک شخص کو روک کر اس کی تلاشی لی۔
بارہمولہ پولیس کا کہنا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران اس کے قبضے سے 46 گرام چرس جیسا مادہ برآمد ہوا ہے۔ بارہمولہ پولیس نے اسے موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔ گرفتار کیے گئے شخص کی شناخت عمران احمد شیخ ولد محمد شیخ ساکنہ بجھتھلان بونیار کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے اسے پولیس اسٹیشن بونیار منتقل کر دیا ہے۔ اسی مناسبت سے پولیس اسٹیشن بونیار میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔