اندور:ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور میں وقف بورڈ کے زیر اہتمام کام کرنے والی تنظیم انجمن اصلاح المسلمین کی جانب سے طلبہ میں فی سبیل اللہ کاپیاں تقسیم کی گئیں۔ جس میں سیاسی، سماجی، ملی اور مذہبی شخصیات شریک ہوئیں۔ علم حاصل کر کے کسی بھی بلندیوں کو پہنچا جا سکتا ہے، ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور کی جامع مسجد کے امام مفتی ذکاء اللہ صاحب نے ان خیالات کا اظہار کیا۔
وہ وقف بورڈ ضلع انتظامیہ کے زیر اہتمام چلنے والی تنظیم انجمن اصلاح المسلمین کی طلبہ میں فی سبیل اللہ کاپیاں اور کتابوں کی تقسیم کی تقریب میں پہنچے تھے۔ جہاں انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو سماج تعلیم یافتہ ہوتا ہے وہی ترقی کرتا ہے۔
اس موقع پر انجمن اصلاح المسلمین کے صدر سید شاہد علی کا کہنا تھا کہ تعلیم کو فروغ دینے کے لیے مدھیہ پردیش وقف بورڈ کے چیئرمین کا بھی حکم ہے کہ املاک سے جو آمدنی موصول ہوتی ہے۔ اس کا 50 فیصد تعلیم پر خرچ کیا جائے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے تقریب منعقد کی ہے۔ جو طلبہ فیس نہیں بھر سکتے ان کی فیس بھی ہم جمع کرتے ہیں۔ وہیں سیاسی رہنما ساجد علی کا کہنا تھا کہ تنظیم کی اس کوشش سے سماج کو فائدہ ملے گا۔