اردو

urdu

ETV Bharat / state

وائس چانسلر کی تقرری کے لئے اے ایم یو ٹیچرز ایسوسی ایشن نے صدر جمہوریہ کو خط لکھا - AMU teachers association - AMU TEACHERS ASSOCIATION

AMU teachers' association wrote to President علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مستقل وائس چانسلر کی جلد تقرری کے لئے اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن (AMUTA) نے صدر جمہوریہ کو خط لکھا ہے۔

وائس چانسلر کی تقرری کے لئے AMUTA نے صدر جمہوریہ کو خط لکھا
وائس چانسلر کی تقرری کے لئے AMUTA نے صدر جمہوریہ کو خط لکھا

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Apr 4, 2024, 6:19 PM IST

Updated : Apr 4, 2024, 6:28 PM IST

وائس چانسلر کی تقرری کے لئے اے ایم یو ٹیچرز ایسوسی ایشن نے صدر جمہوریہ کو خط لکھا

علیگڑھ: علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے سابق وائس چانسلر طارق منصور کے 2 اپریل 2023 کو استعفی کے بعد پرو وائس چانسلر پروفیسر محمد گلریز نے آج ہی کے دن 4 اپریل کو وائس چانسلر کی خدمات انجام دینے کے لئے چارج سنبھالا تھا جن کو آج ایک برس ہو گیا ہے۔ مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لئے 6 نومبر 2023 کو یونیورسٹی ایگزیکٹو کونسل (ای سی) اور کورٹ نے تین امیدواروں کا پینل بناکر وزیر تعلیم کو بھیج دیا تھا کسی ایک کی نامزدگی کے لئے لیکن گزشتہ چار ماہ میں ابھی تک وائس چانسلر کی تقرری نہیں کی گئی ہے۔

وائس چانسلر پینل میں شامل امیدوار پروفیسر ایم یو ربانی (سابق ڈین، جے این میڈیکل کالج) نے سب سے زیادہ 61 ووٹ حاصل کیے، جبکہ پروفیسر فیضان مصطفی (وائس چانسلر، سی این ایل یونیورسٹی، پٹنہ) نے 53 اور پروفیسر نعیمہ خاتون (پرنسپل، ویمنس کالج، اے ایم یو) کو 50 ووٹ ملے۔ واضح رہے وائس چانسلر پینل کی تشکیل روز اول سے ہی سوالوں کے گھیرے میں ہے کیونکہ وائس چانسلر کے عہدے کی امیدوار پروفیسر نعیمہ خاتون کے شوہر قائم مقام وائس چانسلر محمد گلریز نے نہ صرف ایگزیکٹو کونسل کی میٹنگ کی صدارت کی بلکہ پینل کے انتخاب کے عمل میں ایگزیکٹو کونسل اور اے ایم یو کورٹ کے اجلاس میں بھی ووٹ دیا۔ جس کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی گئی تھیں۔ اب اس معاملے کی سماعت 15 اپریل کو ہوگی۔

اے ایم یو کی 104 سال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وائس چانسلر پینل میں کسی خاتون کو شامل کیا گیا ہے۔ اگر پروفیسر نعیمہ خاتون وائس چانسلر بنتی ہے تو وہ اے ایم یو کی پہلی خاتون وائس چانسلر ہوں گی۔ اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر محمد خالد نے صدر جمہوریہ کو لکھے خط اور اے ایم یو کی موجودہ صورتحال سے متعلق بتایا یونیورسٹی میں گزشتہ ایک سال سے مستقل وائس چانسلر نہیں ہے، اور ہماری شروع سے ہی یہ کوشش رہی ہے کہ جلد سے جلد مستقل وائس کی تقرری ہو تاکہ یونیورسٹی کا درہم برہم نظام مزید تباہی سے بچ جائے۔

انہوں نے یونیورسٹی کے موجودہ انتظامیہ کو مردہ بتایا، کیمپس میں لاء اینڈ آرڈر کی پریشانی ہے، سیکورٹی کی کمی ہے، طلباء کو کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ہال میں کمرے نہیں مل رہے ہیں، کوئی بڑے کام اور فیصلے نہیں لئے جا رہے ہیں، اے ایم یو میں بیرونی ممالک کے طلباء کی تعداد میں کمی آرہی ہے، کلاس وقت پر نہیں ہو رہی ہیں، طلباء کی حاصری بھی متاثر ہے، کیمپس کا تعلیمی ماحول بھی متاثر ہے، کھانے کی اور سیکورٹی کی پریشانی ہے اس لئے یونیورسٹی کو ایک مستقل وائس چانسلر کی ضرورت ہے، قائم مقام وائس چانسلر کی نہیں ہے۔

اے ایم یو ٹیچرس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر عبید صدیقی نے بتایا مستقل وائس چانسلر کی غیر موجودگی کے سبب یونیورسٹی کے موجودہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے صدر جمہوریہ کو خط لکھا ہے جس میں ہمنے تین امیدواروں کے پینل میں سے کسی ایک کی تقرری کے لئے درخواست کی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا قائم مقام وائس چانسلر یونیورسٹی چلا رہے ہیں جس کی وجہ سے پریشانیاں ہورہی ہیں اسی لئے صدر جمہوریہ کو خط لکھا ہے جس میں تقریبا 650 اساتذہ کے دستخط ہیں۔

Last Updated : Apr 4, 2024, 6:28 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details