بہرائچ: اترپردیش کے بہرائج میں ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا۔ منگل کو کوتوالی نانپارہ علاقے میں واقع تاج پور ٹیڈیا گاؤں میں پولٹری فارم سے گندم چوری کرنے کا الزام عائد کرکے تین دلت لڑکوں کو بے دردی سے مارا پیٹا گیا۔ ملزمان نے بچوں کے سر کے بال منڈوائے، ان کے سروں پر "چور" لکھا، ان کے چہروں کو کالا کیا اور گاؤں میں پریڈ کرائی۔ کچھ لوگوں نے اس واقعہ کو ریکارڈ کر کے سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ اہل خانہ کی شکایت کے بعد پولیس نے چار لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے اور ان میں سے تین کو جیل بھیج دیا۔
کوتوالی نانپارہ کے تحت تاج پور ٹیڈیا گاؤں کے رہنے والے رجیت رام پاسوان نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔ انہوں نے بتایا کہ پولٹری فارم کے مالک نے اپنے بیٹے سمیت دو دیگر افراد کے ساتھ مل کر راجیت اور اس کے پڑوسی کے بچوں پر پولٹری فارم سے پانچ کلو گندم چوری کرنے کا الزام عائد کرکے مارا پیٹا۔ ملزمان نے ان کے سر منڈوا دئیے۔ اس کے بعد انہوں نے بچوں کے سروں پر "چور" لکھا اور انہیں گاؤں میں گھومنے پر مجبور کیا۔