نئی دہلی: بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج کو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) کی نگرانی میں تلنگانہ میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے جمعہ کو ڈی جی پی آفس میں دیگر سینئر افسران کی موجودگی میں تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جتیندر سے ملاقات کے بعد باضابطہ طور پر چارج سنبھال لیا۔
تلنگانہ کے ڈائرکٹر جنرل آف پولیس جتیندر نے جمعہ کو حیدرآباد میں ڈی جی پی آفس میں بھارتی کرکٹر محمد سراج کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کے طور پر تقرری کا خط حوالے کیا۔
بارباڈوس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کے بعد سراج کی شہر واپسی پر، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اے ریونتھ ریڈی نے انہیں 600 مربع گز کا پلاٹ اور انعامی رقم کے ساتھ سرکاری نوکری دینے کا اعلان کیا تھا۔ جہاں ریونت ریڈی نے اپنا وعدہ پورا کرتے ہوئے محمد سراج کو تقرری نامہ سونپا۔
سراج اس وقت بھارت کے ٹاپ تین تیز گیند بازوں میں شامل ہیں اور بھارتی ٹیم کے لیے ٹیسٹ کرکٹ کھیل رہے ہیں۔ انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ 2020-21 میں آسٹریلیا میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے، سراج نے اپنے رینک میں مسلسل اضافہ کیا ہے۔
محمد سراج کو کتنی تنخواہ ملے گی؟
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق تلنگانہ پولیس میں ڈی ایس پی کی تنخواہ کا پیمانہ 58850 روپے سے لے کر 137050 روپے تک ہے۔ اس پے اسکیل کے ساتھ محمد سراج کو ڈی ایس پی کو فراہم کی جانے والی تمام سہولیات بھی حاصل ہوں گی۔ انہیں حکومت سے کرایہ الاؤنس، میڈیکل الاؤنس اور سفری الاؤنس سمیت دیگر سہولیات بھی ملیں گی۔