حیدرآباد: بھارتی کرکٹ ٹیم کے دائیں ہاتھ کے بلے باز سوریہ کمار یادو کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر 2023 کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ سوریہ نے مسلسل دوسرے سال یہ خطاب اپنے نام کیا ہے۔ سال 2023 میں سوریہ کمار نے تقریباً 50 کی اوسط اور 160 سے زیادہ کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ بیٹنگ کی ہے۔ سوریہ کمار یادو نے یہ اعزاز زمبابوے کے سکندر رضا اور نیوزی لینڈ کے مارک چیپمین کو پیچھے چھوڑ کر حاصل کیا ہے۔
سوریہ کمار یادیو نے سال 2023 میں 18 ٹی 20 میچوں کی 17 اننگز میں 45.90 کی اوسط اور 168.89 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کل 733 رنز بنائے ہیں۔ اس دوران انہوں نے 2 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں بھی کیں۔ اس سال ان کا بہترین اسکور 112 ناٹ آوٹ رہا ہے۔ اس کے علاوہ سوریا نے سال 2022 میں 31 میچوں کی 31 اننگز میں 46.56 کی اوسط اور 2 سنچریوں اور 9 نصف سنچریوں کی مدد سے 187.43 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ کل 1164 رنز بنائے تھے۔
کرکٹ کی عالمی باڈی آئی سی سی نے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ شیئر کرکے سوریا کو یہ ایوارڈ جیتنے کی اطلاع دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھارتی کرکٹ بورڈ بی سی سی آئی نے بھی سوریا کی اس خاص کامیابی پر پوسٹ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ قابل ذکر ہے کہ سوریہ کمار یادو نے سال 2022 میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے یہ ایوارڈ جیتا تھا اور اب ایک بار پھر سوریا نے سال 2023 میں اپنی بہترین کارکردگی کے لیے یہ ایوارڈ جیتا ہے۔ سوریہ ٹی 20 فارمیٹ میں بھارتی ٹیم کے مڈل آرڈر میں ریڑھ کی ہڈی بنے ہوئے ہیں۔
سوریہ کمار یادو نے جنوری میں سری لنکا کے خلاف 51 گیندوں پر 112 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ اس اننگز میں انہوں نے 9 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ اس کے علاوہ انہوں نے دسمبر میں جنوبی افریقہ میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری اور تیسرے میچ میں سنچری بنائی تھی۔ اس میچ میں انہوں نے 56 گیندوں میں 7 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 100 رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھیں: