ممبئی:ہندوستانی کپتان روہت شرما اور اہم بلے باز وراٹ کوہلی کو اگست میں سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں آرام دیئے جانے کا امکان ہے ۔ہاردک پانڈیا یا کے ایل راہل میں سے کسی ایک کو ٹیم کی کپتانی سونپی جا سکتی ہے۔ ہندوستان کے فاسٹ بالر جسپریت بمراہ کو بھی ون ڈے سیریز سے بریک دیئے جانے کا امکان ہے۔ ہندوستانی کرکٹ کے سب سے بڑے ہم عصر ستاروں نے آئی پی ایل کے آغاز کے بعد سے پچھلے تین مہینوں کی تھکاوٹ کے پیش نظر بی سی سی آئی سے طویل وقفے کے لیے کہا ہے۔
37 سالہ روہت کو بریک لیے تقریباً چھ ماہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے دسمبر-جنوری میں جنوبی افریقہ کی ٹیسٹ سیریز کے بعد ہر سیریز کھیلی۔ اس کے بعد افغانستان ٹی20، انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز، آئی پی ایل اور حال ہی میں ختم ہونے والا ٹی20 ورلڈ کپ۔