نئی دہلی: ٹی20 ورلڈ کپ 2024 رواں برس 2 جون سے ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی مشترکہ میزبانی میں شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس سے پہلے ورلڈ کپ براڈکاسٹنگ پارٹنر اسٹار اسپورٹس نے پاک بھارت میچ کا زبردست پرومو جاری کیا ہے۔
جس میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت پاکستان کے پچھلے میچز کے یاد گار لمحوں کو دکھایا گیا ہے۔ پرومو کے آغاز میں مہندر سنگھ دھونی T20 ورلڈ کپ 2007 کی جیت کے لمحے کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ یہ وہی لمحہ تھا جب بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2007 کا ٹائٹل جیتا تھا۔
اس کے بعد آپ پرومو میں شاہد آفریدی اور ویراٹ کوہلی کو بھی دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ روہت شرما ویراٹ کوہلی کو اپنے کندھوں پر اٹھائے ہوئے بھی نظر آ رہے ہیں۔ یہ منظر 2022 کے T20 ورلڈ کپ کا ہے جب ویراٹ نے اکیلے ہی پاکستان کے خلاف بھارت کو فتح سے ہمکنار کیا تھا۔
اس میچ میں ویراٹ نے حارث رؤف کو لگاتار دو چھکے مار کر میچ کا رخ ہی پلٹ دیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے محمد نواز کے آخری اوور میں چوکے اور چھکے لگا کر بھارت کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ اس کے بعد پرومو میں ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کا لوگو اور شروع ہونے کی تاریخ نظر آرہی ہے۔