نئی دہلی: پیرس اولمپکس 2024 میں کانسے کا تمغہ جیتنے والی بھارتی ہاکی ٹیم کے رکن گول کیپر پی آر سریجیش نے ونیش پھوگاٹ کے بارے میں جذباتی بیان دیا ہے۔ پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں بھارتی دستے کے پرچم بردار پی آر سریجیش نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ کانسے کے تمغے کے میچ سے ایک دن پہلے ہی میری ونیش پھوگاٹ سے ملاقات ہوئی تھی اور اس وقت اس نے مجھے بھائی کہہ کر دعا دی اور کہا کہ اچھا کھیلو'۔
اس وقت مجھے ایسا محسوس ہوا کہ وہ مسکراہٹ سے اپنا درد چھپا رہی ہے جو کہ ایک حقیقی فائٹر کی پہچان ہوتی ہے۔ وہ بہت مضبوط تھی اگر میں اس کی جگہ ہوتا تو مجھے نہیں معلوم کہ میں کیا کرتا۔ ونیش کو پچھلے کچھ عرصے سے ناقابل برداشت درد سے گزرنا پڑا ہے۔
سریجیش کا کہنا ہے کہ ونیش ایک حقیقی فائٹر ہیں، جو مشکل وقت میں بھی ڈٹے رہتے ہیں اور اپنے درد کو اپنے اوپر حاوی نہیں ہونے دیتے۔ وہ 50 کلوگرام وزن کے زمرے میں ایک ہی دن میں تین مقابلے لڑ کر فائنل میں پہنچی۔ تبھی سے ان کی جدوجہد اور محنت کی داستان شروع ہو گئی۔
اس نے اپنا وزن کم کرنے کے لیے رات بھر محنت کی اور اپنا وزن 2.7 کلو کم کیا اور وہ صرف 100 گرام وزن کم نہ کرسکی، لیکن ہر ممکن کوشش کے باوجود وہ 50 کلوگرام کی کیٹیگری میں فٹ نہ ہوسکی اور 100 گرام وزن زیادہ ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دے دی گئی۔