حیدرآباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اعلیٰ عہدے کے لیے بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ کے انتخاب پر پہلی بار اپنی خاموشی توڑی ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا کہ انھیں جے شاہ کو اس عہدے پر تعینات کیے جانے پر کوئی تشویش نہیں ہے۔ پاکستانی میڈیا چینل جیو نیوز کے مطابق محسن نقوی نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم جے شاہ سے رابطے میں ہیں، ان کے آئی سی سی چیئرمین بننے کی کوئی فکر نہیں ہے۔
اس کے علاوہ پی سی بی کے چیئرمین نے مزید کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد صرف پاکستان میں ہی ہوگا اور اس میں تمام آتھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ جس کے بعد اب یہ قیاس آرائیاں پھر سے شروع ہوگئی ہے کہ محسن نقوی کے بیان کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم اس آئی سی سی ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان جائے گی۔
واضح رہے کہ جے شاہ یکم دسمبر 2024 کو آئی سی سی کے چیئرمین کے طور پر اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔ جبکہ پاکستان کی توجہ اگلے سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر مرکوز ہے۔ اس تعلق سے نقوی نے تصدیق کی ہے کہ پی سی بی اس حوالے سے بی سی سی آئی سمیت ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے بورڈز کے ساتھ رابطے میں ہے۔