لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ کے موجودہ چیئرمین محسن نقوی روٹیشن پالیسی کے مطابق اس سال کے آخر میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے اگلے صدر بننے والے ہیں۔اس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر کے عہدے پر فائز ہونے کے حوالے سے اے سی سی کی حالیہ میٹنگ میں محسن نقوی کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ جب اس سال کے آخر میں اے سی سی کی میٹنگ ہوگی تو اس میں یہ بات واضح ہو جائے گی محسن نقوی دو سال کی مدت کے لیے اگلے صدر ہوں گے۔
بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ اے سی سی کے موجودہ صدر ہیں جنہیں اس سال جنوری میں مسلسل تیسری مدت کے لیے ایک سال کی توسیع ملی تھی۔ ذرائع نے مزید کہا کہ جب جے شاہ ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ کا عہدہ چھوڑ دیں گے تو وہ (محسن نقوی)عہدہ سنبھالیں گے۔