پیرس:منو بھاکر نے اولمپک گیمز کے ایک ہی ایڈیشن میں دو تمغے جیتنے والی پہلی بھارتی کھلاڑی بن گئیں ہیں۔ پیرس اولمپکس کے چوتھے دن بھارتی شوٹر منو بھاکر اور سربجوت سنگھ 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں اپنی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور کانسے کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل منو بھاکر نے 10 میٹر ایئر پسٹل میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔
اس کے علاوہ منو بھاکر انفرادی مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیت کر شوٹنگ میں تمغہ جیتنے والی پہلی بھارتی خاتون بن گئیں تھیں۔ منو بھاکر کی جیت اس لیے بھی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ ٹوکیو میں ان کو پستول کی خرابی کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا تھا اور اس وقت وہ بھارت کی جانب سے تمغے کی دعویداروں میں سے ایک سمجھی جاتی تھیں۔
واضح رہے کہ منو بھاکر اب پی وی سندھو کے بعد دو اولمپک تمغے جیتنے والی تیسری بھارتی خاتون بھی بن گئیں ہیں۔ اس کامیابی کے بعد وزیراعظم سمیت کئی معروف شخصیات شوٹرز کو اس کامیابی پر مبارکباد دے رہے ہیں۔
وزیراعظم مودی نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ اولمپکس میں 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم ایونٹ میں کانسے کا تمغہ جیتنے پر منو بھکر اور سربجوت سنگھ کو مبارکباد۔ دونوں نے بڑی مہارت اور ٹیم ورک کا مظاہرہ کیا ہے۔ جس سے بھارت بہت زیادہ خوش ہے۔ منو کے لیے یہ ان کا لگاتار دوسرا اولمپک تمغہ ہے، جو ان کی لگن کو ظاہر کرتا ہے۔