اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کو دوبارہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کا کپتان مقرر کردیا۔
پی سی بی کی جانب سے ایکس پر جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کی متفقہ تجویز کے بعد چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بابر اعظم کو پاکستانی کرکٹ ٹیم کا وائٹ بال (ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی) کپتان مقرر کر دیا۔
غور طلب ہو کہ گزشتہ روز پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی 20 اور ون ڈے ٹیم کا کپتان بنانے کی پیشکش کی تھی جبکہ مایہ ناز بلے باز نے تینوں فارمیٹ کی کپتانی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔
ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی بابر اعظم کو وائٹ بال ٹیم کا کپتان بنانا چاہتا تھا، تاہم بابر اعظم نے تینوں فارمیٹ کی قیادت کا مطالبہ کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مزید بات چیت کے لیے پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے کاکول جاکر بابر اعظم سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔