حیدرآباد: ٹیم انڈیا کے اسٹار کرکٹر سرفراز خان کے چھوٹے بھائی مشیر خان سڑک حادثے میں شدید طور سے زخمی ہوگئے ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ مشیر خان کی گردن میں کافی زیادہ چوٹ آئی ہے۔
یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مشیر خان اپنے والد نوشاد خان کے ساتھ ایرانی کپ کے لیے کانپور سے لکھنؤ جا رہے تھے۔ حادثے کی وجوہات کا ابھی تک واضح نہیں ہوسکی ہے۔ لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ فارچونر کار سڑک پر 4 سے 5 بار پلٹ گئی جس کی وجہ سے مشیر اور ان کے والد زخمی ہوگئے۔
حادثے کی وجہ سے اب مشیرخان کے کم از کم 6 ہفتوں تک کرکٹ سے دور رہنے کا امکان ہے۔ مشیر خان کو کرکٹ میدان پر واپس آنے میں کم از کم 3 ماہ بھی لگ سکتے ہیں۔ اس چوٹ کی وجہ سے مشیر خان کا ایرانی کپ سے باہر ہونا یقینی ہے۔ جو آئندہ ماہ شروع ہونے والی ہے۔
واضح رہے کہ سرفراز خان کا خاندان اصل میں اتر پردیش کے اعظم گڑھ سے تعلق رکھتا ہے۔ ان کا گاؤں تحصیل سگڑی کے باسوپار میں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مشیر خان یکم سے 5 اکتوبر تک لکھنؤ میں ممبئی اور ریسٹ آف انڈیا کے درمیان ہونے والے ایرانی کپ 2024 کے میچ سے بھی باہر ہوگئے ہیں لیکن ان کے متبادل کرکٹر کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔