حیدرآباد: اترپردیش کے سہارنپور سے تعلق رکھنے والے محمد امان کو سال 2023 میں اتر پردیش کی انڈر 19 ٹیم کا کپتان بنایا گیا۔ اس کے بعد انھوں نے نومبر 2023 میں ہونے والے انڈر 19 ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں بہترین بلے بازی کی۔ ان کی کارکردگی کی بنیاد پر بی سی سی آئی نے انہیں چیلنجر ٹرافی کے لیے انڈیا اے ٹیم کے لیے منتخب کیا اور اب انھیں بھارتی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردیا ہے۔
محمد امان سہارنپور کے خان عالم پورہ کے رہائشی ہیں۔ جب ہمارے نمائندے امان کی اس کامیابی کے بارے میں جاننے کے کے لیے ان کے گھر پہنچے تو وہاں ان کی غریبی ان کے گھروں کی دیواروں سے صاف طور پر ظاہر ہو رہی تھی۔ کیونکہ ان کے والد ایک ٹیکسی ڈرائیور تھے جو اپنے خاندان کی کفالت کرتے تھے۔
امان نے کرکٹ چھوڑنے کا بھی فیصلہ کرلیا تھا
اس وقت محمد امان کے خاندان کو کھانے پینے کی قلت کا سامنا تھا۔ ٹیکسی چلا کر ان کے والد کے لئے امان کو کرکٹ کوچنگ کرا نا تو دور ان کے لیے اچھا بیٹ خریدنا بھی مشکل تھا۔ ایسے میں امان نے اپنی والدہ سے بیٹ خریدنے کی ضد کی۔ بیٹے کے اصرار پر والدہ نے ایک ایک روپیہ جوڑ کر 1100 روپے کا بیٹ دیا۔
لیکن سولہ سال کی عمر میں ہی امان کے سر سے ماں اور باپ کو سایہ اٹھ گیا۔ چونکہ محمد امان چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا ہے، اس لیے والدین کی وفات کے بعد ان کے لیے ذمہ داریاں سنبھالنا فطری امر تھی۔ جس کی وجہ سے امان نے خاندان کی دیکھ بھال کے لیے کرکٹ چھوڑنے کا فیصلہ کیا لیکن بہنوں کے اصرار پر انہوں نے کرکٹ کی کوچنگ جاری رکھی۔
امان کی کامیابی کو امی ابو نہیں دیکھ پائے
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے محمد امان کی چھوٹی بہن شیبا نے بتایا کہ ' محمد امان بہت محنتی ہیں۔ وہ محلے کے چھوٹے بچوں سے بالنگ کراتے اور خود بلے بازی کرتا رہتا تھا۔ تاہم کرکٹ اسٹیڈیم تک پہنچنے کے لیے امان کو مشکلات کے ساتھ ساتھ نامساعد حالات کا بھی سامنا کرنا پڑا۔