حیدرآباد: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان راجکوٹ میں تیسرا ٹیسٹ میچ 15 فروری سے کھیلا جائے گا۔ لیکن اس سے پہلے ہی ٹیم انڈیا کے مڈل آرڈر کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے اسٹار بلے باز کے ایل راہل باہر ہو گئے ہیں۔ کے ایل راہل مکمل طور پر صحت یاب نہ ہونے کی وجہ سے ٹیسرے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔ بی سی سی آئی نے میڈیا ایڈوائزری جاری کرکے یہ جانکاری دی ہے۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ کے ایل راہل کی تین ٹیسٹ میچوں کے لیے دستیابی ان کے فٹنس پر منحصر تھی لیکن راہل ابھی تک مکمل طور پر فٹ نہیں ہوسکے ہیں۔ اس وقجہ سے وہ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں ہیں۔ وہ چوتھے اور پانچویں ٹیسٹ کے لیے مکمل طور پر فٹ ہونے کے لیے بنگلورو میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں اپنی بحالی کا عمل جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ بی سی سی آئی نے انگلینڈ کے خلاف بقیہ 3 ٹیسٹ میچوں کے لیے ہفتہ کو اسکواڈ کا اعلان کیا تھا، اس میں کے ایل راہل کو جگہ دی گئی تھی۔ تاہم نوٹ میں یہ بھی لکھا گیا تھا کہ کے ایل راہل اور رویندر جڈیجہ تیسرے ٹیسٹ میں کھیلیں گے یا نہیں اس کا فیصلہ بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم کرے گی۔ بی سی سی آئی نے کے ایل راہل کی جگہ دائیں ہاتھ کے بلے باز دیودت پڈیکل کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ڈومیسٹک کرکٹ میں دیودت پڈیکل کی حالیہ فارم شاندار رہی ہے۔