احمد آباد: گجرات ٹائٹنز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ ٹورنامنٹ کے لیے زخمی بھارتی تیز گیند باز محمد شامی کی جگہ کیرالہ کے میڈیم فاسٹ بولر سندیپ واریئر کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
شامی کا حال ہی میں دائیں ایڑی کا آپریشن ہوا تھا۔ اس وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ انہوں نے گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد سے کوئی بھی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔
سندیپ واریئر نے آئی پی ایل میں 2019 سے اب تک پانچ میچ کھیلے ہیں جس میں اس نے 7.88 کے اکانومی ریٹ سے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ گجرات نے انہیں 50 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ گجرات آئی پی ایل 2024 میں اپنا پہلا میچ 24 مارچ کو ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے گا۔