دھرم شالہ: بھارت نے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 218 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے سلامی بلے باز بلے باز جیک کراؤلی نے سب سے زیادہ 79 رنز بنائے۔ جبکہ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے پانچ، اشون نے چار اور جڈیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جمعرات کو ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بین ڈکٹ اور جیک کرولی کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔
بین ڈکٹ 27 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کلدیپ نے لنچ سے قبل اولی پوپ کو 11 رنز پر آؤٹ کرکے بھارت کو دوسری کامیابی دلائی۔ کلدیپ نے 38ویں اوور میں جیک کرولی کو 79 رنز پر بولڈ کرکے انگلینڈ کی بڑے اسکور کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔
رویندرا جڈیجہ نے جو روٹ کو 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ جبکہ جونی بیرسٹو 29 رنز پر کلدیپ کا شکار بنے جس کے بعد کپتان بین اسٹوکس کو کلدیپ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
ٹام ہارٹلے 6 رنز اور مارک ووڈ 0 رنز بنا کر آر اشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ چائے کے وقت تک انگلینڈ نے 55 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 194 رنز بنا لیے تھے۔ چائے کے بعد اشون نے بین فاکس کو 24 رنز پر بولڈ کرکے انگلینڈ کا نواں وکٹ لیا اور پھر بلے بازی کرنے آئے جیمز اینڈرسن کو صفر پر آؤٹ کیا۔