بنگلورو (کرناٹک): کرناٹک اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن (کے ایس سی اے) کے ذرائع نے جمعرات کو بتایا کہ سابق ہندوستانی کرکٹر ڈیوڈ جانسن کی بنگلورو میں موت ہوگئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق خیال کیا جا رہا ہے کہ جانسن کی موت یہاں ایک عمارت کی چوتھی منزل سے گرنے سے ہوئی۔
جانسن کی عمر 52 سال تھی اور ان کے پسماندگان میں بیوی اور دو بچے ہیں۔ انہوں نے 2 ٹیسٹ میچوں میں ہندوستان کی نمائندگی کی اور 8 رن بنائے، جبکہ 3 وکٹ حاصل کئے۔ وہ ڈومیسٹک سرکٹ میں کرناٹک کے لیے کھیلا کرتے تھے۔ انہوں نے 39 فرسٹ کلاس میچ کھیلے اور 437 رن بنائے جبکہ 125 وکٹ حاصل کئے۔ ان کی بہترین کارکردگی 8/55 رہی۔
اپنے وقت میں جانسن نے انیل کمبلے، جواگل سری ناتھ، وینکٹیش پرساد اور ڈوڈا گنیش جیسے گیند بازوں کے ساتھ ایک ناقابل یقین باؤلنگ یونٹ تشکیل دیا۔ انہوں نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 1996 میں آسٹریلیا کے خلاف فیروز شاہ کوٹلہ، نئی دہلی میں کیا اور اپنا دوسرا اور آخری ٹیسٹ جنوبی افریقہ کے خلاف کنگس میڈ، ڈربن میں کھیلا۔