نئی دہلی: ٹیم انڈیا کے دائیں ہاتھ کے اسٹار بلے باز کے ایل راہل اچانک سوشل میڈیا پر بحث کا موضوع بن گئے ہیں۔ دراصل اکے پیچھے کی وجہ یہ ہے کہ کے ایل راہل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کی تھی جس میں لکھا تھا کہ انہیں کچھ اعلان کرنا ہے۔
اس کے بعد سے ہی تمام سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک اور اسٹوری شیئر کی جانے لگی، جو کے ایل راہل کے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے تھی۔ سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلنے والی اس جعلی اسٹاگرام اسٹوری میں لکھا گیا ہے کہ 'بہت غور و فکر کے بعد میں نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا، کیونکہ کھیل کئی سالوں سے میری زندگی کا اہم حصہ رہا ہے۔
اس پوسٹ میں مزید لکھا گیا کہ میں اپنے پورے کیریئر میں اپنے خاندان، دوستوں، ٹیم کے ساتھیوں اور مداحوں سے ملنے والی حمایت اور حوصلہ افزائی کے لیے بہت شکر گزار ہوں۔ میدان میں اور باہر جو تجربات اور یادیں میں نے حاصل کی ہیں وہ واقعی انمول ہیں۔ مجھے اپنے ملک کی نمائندگی کرنے اور ایسے باصلاحیت افراد کے ساتھ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔اب میں مستقبل کے نئے باب کے بارے میں پرجوش ہوں، اس ناقابل یقین سفر کا حصہ بننے کے لیے آپ سب کا شکریہ۔