لندن:لمبی بیماری کے بعد انگلینڈ کے سابق مڈل آرڈر بلے باز گراہم تھورپ کی موت ہوگئی ۔ ان کی عمر محض 55 برس تھی۔ یہ معلومات پیر کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے دی۔ تھورپ نے 1993 سے 2005 کے درمیان انگلینڈ کے لیے 100 ٹیسٹ میچ کھیلے جس میں انہوں نے 44.66 کی اوسط سے 6,744 رنز بنائے جس میں 16 سنچریاں بھی شامل تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے سینئر مینز ٹیم کے بیٹنگ کوچ کا کردار بھی ادا کیا۔
2010 میں وہ انگلینڈ کی ٹیم کے چیف بیٹنگ کوچ بنے۔ اس کے بعد انہوں نے انگلینڈ مینز ٹیم کے لیے کرس سلور ووڈ کے معاون کا کردار بھی ادا کیا۔ تھورپ بھی ٹیم مینجمنٹ کے ان ارکان میں شامل تھے جنہوں نے 2021-22 کی ایشز کے پیش نظر استعفیٰ دیا تھا۔ مارچ 2022 میں افغانستان کے ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے منتخب ہونے کے بعد ہی وہ شدید بیمار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے وہ افغانستان کی ٹیم میں شامل نہیں ہو سکے تھے۔