ہیملٹن:نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیم 253 رن کے ہدف کے تعاقب میں 66 رن کے اسکور پر اپنا پہلا چار وکٹ گنوا بیٹھی۔ جارجیا پلیمر سات رن ، سوزی بیٹس 28 رن، امیلیا کیر 14 رنز اور میڈی گرین سات رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ ایک وقت ایسا لگ رہا تھا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم جلد ہی سمٹ جائے گی۔ بحران کے ایسے وقت میں بروک ہالیڈے اور ازابیلا گاجے نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 100 رنز کی شراکت ہوئی۔
ازابیلا گاجے 47 رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ جبکہ ٹیم کی جانب سے بروک ہالیڈے نے سب سے زیادہ 57 رن کی اننگز کھیلی۔ ہناّ روئے 16 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کی کوئی بھی بلے باز پچ پر ٹھہر نہیں ہو سکی اور پوری ٹیم 45 اوور میں محض 196 رن بنا سکی اور اسے 56 رن سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
انگلینڈ کی جانب سے نیٹ سائیور برنٹ نے تین وکٹ حاصل کئے۔ کیٹ کراس، لارین بیل، سوفی ایکلسٹون اور چارلی ڈین نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ انگلینڈ کی اوپننگ جوڑی ٹیمی بیومونٹ اور مایا باؤچر نے پہلے وکٹ کے لیے 37 رن بنائے۔ باؤچر 20 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئیں۔