حیدرآباد: بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے سکریٹری جئے شاہ مسلسل تیسری بار ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر منتخب ہوئے ہیں۔ 31 جنوری کو اے سی سی بورڈ پینل نے متفقہ طور پر جے شاہ کو اے سی سی کا صدر مقرر کیا۔ جے شاہ کی توسیع کی تجویز سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا نے پیش کی تھی جسے اے سی سی کے تمام اراکین کی متفقہ طور پر حمایت حاصل تھی۔
انہوں نے اپنے گزشتہ دو ادوار میں بہت اچھا کام کیا ہے جس کی وجہ سے انھیں تیسری بار یہ عہدہ سونپا گیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر کے طور پر ان کی مدت ملازمت میں سالانہ جنرل میٹنگ میں متفقہ طور پر ایک سال کی توسیع کی گئی ہے۔
جے شاہ کے دور میں ایشیا کپ ٹی ٹوٹنٹی اور ون ڈے فارمیٹس میں کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔ اس کے علاوہ وہ وقتاً فوقتاً بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری تنازعات کو حل کرتے اور دونوں ٹیموں کو ٹورنامنٹ میں کھیلنے پر راضی کرتے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے۔