حیدرآباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز اور کپتان بابر اعظم نے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے اور بھارت کے سپر اسٹار بلے باز اور سابق کپتان ویراٹ کوہلی کی بھی برابری کر لی ہے۔ پاکستانی کپتان نے یہ سنگ میل انگلینڈ کے خلاف کھیلی گئی 4 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے آخری میچ میں حاصل کیا۔ اس میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست ہوئی لیکن بابر نے کئی بڑی کامیابیاں اپنے نام کر لیں۔
اب بابر اعظم 4000 ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں ویراٹ کوہلی کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے ہیں۔ اس میچ سے قبل دائیں ہاتھ کے اس بلے باز نے 3987 رنز بنائے تھے اور وہ 4000 رنز مکمل کرنے سے صرف 13 رنز دور تھے۔ 29 سالہ کھلاڑی نے چوتھے اوور میں کرس جارڈن کی گیند پر باؤنڈری لگا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
بابر ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں کوہلی سے پیچھے ہیں اور لگاتار رنز بنا کر اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بننے کے لیے دونوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔