سڈنی:کرکٹ آسٹریلیا نے اس سال اگست میں افغانستان کی مردوں کی ٹیم کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ہوم سیریز ملتوی کر دی۔ آسٹریلیا کے کرکٹ مینجمنٹ کے مطابق افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے لیے حالات بدتر ہوتے جا رہے ہیں۔
طالبان نے، افغانستان میں اقتدار میں واپسی کے بعد، لڑکیوں کے ہائی اسکولوں میں جانے پر پابندیاں عائد کر دی ہیں، خواتین کو یونیورسٹیوں میں جانے سے روک دیا ہے اور خواتین افغان امدادی عملے کو کام کرنے سے روک دیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا کا آئندہ سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ جنوبی ایشیائی ملک پر اس کے سخت موقف کا تسلسل ہے۔ سی اے نے نومبر 2021 میں ہوبارٹ میں افغانستان کے خلاف واحد ٹیسٹ منسوخ کر دیا تھا، جس کے بعد انہوں نے متحدہ عرب امارات میں تین میچوں کی ون ڈے سیریز بھی ملتوی کر دی تھی۔ کرکٹ آسٹریلیا کے جاری بیان کے مطابق "گزشتہ بارہ مہینوں کے دوران، کرکٹ آسٹریلیا نے افغانستان کی صورت حال پر آسٹریلوی حکومت سے مشاورت جاری رکھی ہے۔ حکومت کا مشورہ ہے کہ افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے حالات بد سے بدتر ہوتے جا رہے ہیں،" کرکٹ آسٹریلیا نے مزید کہا کہ، "اس وجہ سے، ہم نے اپنی سابقہ پوزیشن برقرار رکھی ہے اور افغانستان کے خلاف دو طرفہ سیریز ملتوی کر دیں گے۔"