حیدرآباد،(پریس نوٹ): مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی(مانو) کے شعبہ فارسی و مطالعات وسط ایشیاء کے تحت تعلیمی سال 2024-25 کے لیے حیدرآباد، لکھنؤ اور سری نگر کیمپس کے لیے ایم اے فارسی میں آن لائن داخلے جاری ہیں۔ داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.manuu.edu.in پر دستیاب ہیں۔ آن لائن(online ) پر کردہ درخواست فارم داخل کرنے کی آخری تاریخ 30 جون مقرر ہے۔
ڈاکٹر سیدہ عصمت جہاں صدر شعبہ فارسی و مطالعات وسط ایشیاء کے بموجب کسی کالج سے گریجویشن یا مانو کے منظور شدہ مدارس سے مماثل ڈگری کامیاب طلبہ ایم اے فارسی میں داخلے کے اہل ہوں گے۔ مانو کی جانب سے مدارس کی تسلیم شدہ فہرست یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔
ایم اے فارسی دو سالہ ریگولر کورس ہے جو 4 سمسٹرس پر مشتمل ہے۔ اس کا نصاب عصری تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ طلبہ کو فارسی زبان کے ساتھ انگریزی زبان اور کمپیوٹر کی تعلیم بھی دی جاتی ہے۔ ایم اے کی تکمیل کے بعد طلبہ تحقیق و تدریس کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری شعبہ جات میں اعلیٰ عہدوں پر اپنی خدمات انجام دے سکتے ہیں۔
شعبہ فارسی کے فارغ التحصیل کئی طلبہ مختلف ملٹی نیشنل کمپنیوں میں اعلیٰ مشاہرہ پر بر سرکار ہیں۔ دورانِ تعلیم طلبہ کے لیے شاندار لائبریری، ہیلتھ سنٹر، طلباء و طالبات کے لئے علیحدہ علیحدہ کشادہ ہاسٹلس، جدید ترین کمپیوٹر لیاب، وائی فائی انٹرنیٹ سے لیس خوبصورت وسیع و عریض پر سکون کیمپس، کھیل کود کے لیے وسیع پلے گراﺅنڈس کی سہولیات موجود ہیں، جو ان کی ہمہ جہت ترقی کو یقینی بناتی ہیں۔